ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / بھٹکل : وینکٹاپور ندی میں مگرمچھ نظر آنے پر عوام میں پھیلا خوف و ہراس

بھٹکل : وینکٹاپور ندی میں مگرمچھ نظر آنے پر عوام میں پھیلا خوف و ہراس

Sun, 03 Oct 2021 17:14:22    S.O. News Service

بھٹکل 3/ اکتوبر (ایس او نیوز) وینکٹاپور ندی کے بیچ موجود ریت کے ڈھیر پر ایک مگرمچھ نظر آنے کے بعد اطراف کے عوام میں خوف و ہراس پھیل گیا ہے ۔
    
مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ اس ندی میں پہلی مرتبہ مگرمچھ نظر آیا ہے ۔ عوام کا خیال ہے کہ برساتی پانی کے تیز بہاو کی وجہ سے کڈوین کٹا ڈیم سے یہ مگرمچھ ندی تک پہنچا ہوگا ، یا پھر پہلے ہی سے اس ندی میں مگرمچھ موجود رہا ہوگا جو اب ندی کی اوپری سطح کی طرف نظر آنے لگا ہے ۔
    
جب ریت کے ڈھیر پر تقریباً پانچ چھ فٹ لمبا مگرمچھ  سوتا ہوا نظر آیا تو مقامی لوگ اسے دیکھنے اور فوٹو لینے کے لئے امڈ پڑے ۔ اسی کے ساتھ عوام اس بات پر بھی خوف کا اظہار کرنے لگے کہ ندی کے اس مقام پر عوامی چہل پہل بہت زیادہ رہتی ہے ۔ نہانے اور تیرنے کے لئے بھی لوگ اس جگہ ندی میں اکثر اترتے رہتے ہیں ۔ لوگوں نے یہ بات محکمہ جنگلات کے افسران کے علم میں  لاتے ہوئے مطالبہ کیا ہے اس مگرمچھ کو پکڑ کر اسے دوسرے غیر آباد علاقے میں چھوڑا جائے۔ اوراس بات کو یقینی بنایا جائے کہ اس علاقے میں صرف یہی ایک مگرمچھ ہے یا پھر اس کے بچے بھی یہاں موجود ہیں، اس کا پتہ لگایا جائے ۔
    
 محکمہ جنگلات کی ڈی ایف او سویتا دیواڈیگا نے  عوام کو چوکنا رہنے کی ہدایت دیتے ہوئے بتایا کہ  ہم نے اعلیٰ افسران کو اس بات کی اطلاع دی ہے۔ جلد ہی اعلیٰ افسران کی رہنمائی میں مگرمچھ  کو پکڑ کر دوسری جگہ منتقل کیا جائے گا ۔
 


Share: